لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر )ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے آئر لینڈ کو 86رنز سے ہرا کر اہم کامیابی حاصل کرلی ۔ فتح کے ساتھ گرین شرٹس کے ورلڈ کپ تک رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔ جویریہ خان نے 90رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ناہیدہ خان 72رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں ۔ جویریہ کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیاگیا۔ سری لنکا میں کھیلے گئے سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں پر 271رنز بنائے ۔ جویریہ خان 90‘ناہیدہ خان 72‘عائشہ ظفر گیارہ ‘بسمہ معروف سولہ ‘نین عابدی چوالیس ‘عالیہ ریاض صفر پر آئوٹ ہوئیں ۔ کپتان ثنا ء میر چودہ رنز پر ناقابل شکست رہیں ۔کنیلی‘ جائس اور ریلی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں آئرلینڈ کی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہیں اور پوری ٹیم 49ویں اوورز میں 185ر نزبناکر آئوٹ ہوگئی ۔ کینڈل آٹھ ‘ سی جوائس اکتالیس‘گارتھ تینتیس‘ ڈیلانی سات ‘جے جوائس تینتیس ‘لیوس پندرہ ‘شلنگٹن بارہ ‘والڈرن پندرہ ‘اوریلی صفر‘کنیلی آٹھ رنز بناکر آئوٹ ہو ئیں ۔ناشرہ سندھو ‘سعدیہ یوسف اور ثنا ء میر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ایمن انور اور بسمہ معروف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ ایک اور میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو ہراکر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے آٹھ وکٹوں پر 155رنز بنائے ۔بھارتی ویمنز ٹیم نے ہدف ایک وکٹ پرپورا کرلیا۔بھارت کی سپر سکس مرحلہ میں یہ دوسری کامیابی تھی ۔ جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے سری لنکا ویمنز کو شکست دیدی ۔ سری لنکا نے نو وکٹوں پر 142رنز بنائے ۔ جنوبی افریقہ نے ہدف ایک وکٹ پو را کرلیا۔ پاکستان سپر سکس کا اگلا میچ کل بھارت کیخلاف کھیلے گا۔
ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس مرحلہ: پاکستان نے آئرلینڈ کو 86 رنز سے شکست دے دی
Feb 18, 2017