اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع مشاہد حسین سید نے کمیٹی کے دیگر ممبران کے ہمراہ ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ بعد ازاں کمیٹی ممبران کو پاک فضائیہ کے کردار اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اپنے ابتدائی کلمات میں ائیر چیف نے کمیٹی ارکان کو خوش آمدید کہا اور انہیں مادر وطن کی فضائی حدود کی حفاظت کی خاطر پاک فضائیہ کے کردار سے آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے اس موقع پر کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ مشاہد حسین سید نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور اسے دنیا کی بہترین فضائی قوت قرار دیا۔ بعد ازاں کمیٹی نے پاکستان ائیر و ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کا دورہ کیا۔ کمیٹی کو پی اے سی کامرہ میں طیارہ سازی پر ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔ اس دورے کے دوران کمیٹی نے جے ایف 17 تھنڈر کی تیاری کے مختلف مراحل کا معائنہ بھی کیا اورپاکستان ائیر و ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کی دفاعی پیداوار میں خود کفالت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں اس کے اعلی مقام کی تعریف کی۔
قائمہ کمیٹی کا ائیر ہیڈ کوارٹرز، پی اے سی کامرہ کا دورہ، طیارہ سازی پر بریفنگ
Feb 18, 2017