لاڈلے کو قوم سبق سکھائے گی فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں نواز شریف

Feb 18, 2018

لاہور/ لودھراں (خصوصی رپورٹر + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) جیتے گی توغریبوں کو انکی دہلیز پر انصاف ملے گا،ہیلتھ کارڈ پروگرام شروع کیا،ایسا پروگرام بنا رہے ہیں کہ جس کے پاس گھر نہیں ان تمام لوگوں کو مکان فراہم کریں۔ سپیڈو بس کی تعداد میں اضافہ کریں گے، ہم خیبر پی کے حکومت کی طرح نہیں جنہوں نے صوبے میں کوئی کام نہ کیا ہو۔ پانچ سال میں ان سے میٹرو نہیں بن سکی وہ لوگ اور کیا کریں گے، انکی کارکردگی صفر ہے،ہم نے الیکشن جیتا اور سجدے میں گر گئے اور اللہ کا شکرادا کیا، آگے الیکشن اگر ہم جیتے تو سب سے پہلے لودھراں میں گیس آئیگی، ثابت ہو گیا کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔وہ ہفتہ کو لودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں لودھراں کی عوام کا دل سے شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔ میرے ساتھ بڑی اچھی یادیں آج بھی ہیں۔ عبدالرحمن کانجو بھی آپ کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔ حمزہ صاحب اور مریم صاحبہ یہاں دوبارہ آ کر آپ سے بات کریں گے، میں بہت خوش ہوں آج کہ آپ نے مجھے خریدلیا پھر سے، میں آپکو اور شہباز شریف کو ساتھ لیکر ذاتی مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں، اتنی خوشی ہے کہ آپ اندازہ نہیں کر سکتے۔ سمجھ نہیں آرہا کہ عوام کو کیسے مبارکباد دوں، جی چاہتا ہے عوام کا منہ چوم لوں، اقبال صاحب صاحب فرشتہ صفت انسان ہیں۔ انکو ووٹ دیکر آپ نے نوازشریف کا مان بڑھایا۔ لودھراں نے ثابت کر دیا، انکا فیصلہ پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔ 2018ء کے الیکشن میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائیگا، عوام کا منہ چومنے کا دل کررہا ہے۔ شہباز کو میں نے کہا، حمزہ سے بھی کہا کہ لودھراں چلنا ہے ،میں نے کہا کہ دیر سے نہیں ابھی جانا ہے عوام کے پاس، میں اس بات پر قائل ہو گیا ہوں کہ آپ نے نبض پر ہاتھ رکھا اور ووٹ کے تقدس کو بحال کیا۔ آپ نے ان لوگوں کو رد کیا جنہوں نے پانچ سال سے جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، آج وہ کہتے ہیں کہ ہم لودھراں سے سبق سیکھیں گے۔ لاڈلہ کہتا ہے کہ ہم نے لودھراں سے سبق سیکھنا ہے، اب تمہیں خیال آیا، لاڈلے اب قوم تمہیں سبق سکھائے گی تم سبق نہیں سیکھو گے۔ لودھراں کے عوام نے ٹرینڈسیٹ کر دیا اگلے الیکشن کیلئے۔ میں 1985ء سے آپکی خدمت کر رہا ہوں۔ شہباز شریف نے آپ کی خدمت کی اسکی مثال نہیں ملتی،سڑکیں بن رہی ہیں، صحت کے شعبے میں کام ہو رہا ہے، تعلیمی ادارے بن رہے ہیں، کاشتکاروں کو سستی بجلی مل رہی ہے، بجلی صرف آئی نہیں بلکہ سستی بھی ہوئی۔ 2200سے کم ہو کر کھاد کی قیمت 1300پر آگئی ہے۔لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں شہباز شریف کا خصوصی ہاتھ ہے، 10 سالوں کے منصوبے 20 مہینوں میں مکمل ہوئے ہیں۔ ملک سے دہشت گردی ختم کی، کراچی کو ٹھیک کیا، بھتہ خوری کو کراچی سے ختم کیا، چوروں کو ختم کیا اور کراچی کو پرامن شہربنایا، خیبر پی کے کی جس میں حکومت ہے اسکا نمائندہ جہانگیر ترین کہتا تھا ہم لودھراں میں جیتے ہوئے ہیں اور وہ 27ہزار ووٹ سے ہارے ہیں، ہم نے الیکشن جیتا اور سجدے میں گر گئے اور اللہ کا شکرادا کیا، آگے الیکشن آ رہا ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ ملک میں اچھی فضاء بنی ہوئی ہے، اگر ہم جیتے تو سب سے پہلے لودھراں میں گیس آئے گی۔ آج میں وزیراعظم نہیں ہوں اور مجھے نکال دیا گیا۔ کیا آپ کو یہ فیصلہ منظور ہے؟عوام میری نااہلی کے فیصلے کو نہیں مانتے۔ 100 روپے کی رشوت کا بھی الزام نہیں ہے، کوئی کرپشن نہیں ہے، کچھ نہ ملا تو مجھے اقامہ پر نکال دیا۔ آپ نے اگلے انتخابات میں بڑے فیصلے کرنے ہیں، جو کچھ اس ملک میں ستر سال سے ہو رہا ہے اس کو ختم کرو گے؟کیا آپ کے ووٹ کی حرمت کو پائوں تلے روندا جائے گا؟اپنے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرو گے یا نہیں؟ کیا آپ کا وزیراعظم اسی طرح سے ذلیل ہو گا؟کیا جسے آپ وزیراعظم منتخب کرتے ہیں کیا اسے اسی طرح نااہل کیا جاتا رہے گا؟یہ آپ نے فیصلہ کرنا ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) جیتے گی اور غریبوں کو ان کی دہلیز پر انصاف ملے گا۔

نوازشریف

لاہور‘لودھراں(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لودھراں کے ضمنی انتخابات میں خدمت کی سیاست کو کامیابی ملی ہے۔ لودھراں کے عوام نے تکبر ،غرور،جھوٹ ،الزام تراشی اورانتشار کی سیاست کو مسترد کر کے اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں پھینک دیا۔عوام نے جس محبت اورمحنت کیساتھ ایک درویش صفت انسان کوچن کرمحمد نوازشریف اورمجھے خرید لیا۔ مسلم لیگ(ن) کو لودھراں میں جو تاریخی جیت حاصل ہوئی ،اس کا ڈنکا پاکستان ہی نہیںپوری دنیا میں بج رہا ہے ۔ہم شاندار کامیابی پر لودھراں کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنے کیلئے حاضر ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہارلودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نوازشریف، حمزہ شہبازشریف،مریم نوازشریف،علاقے کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اورمسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعدادکنونشن میں موجود تھی۔وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کئی برس سے بیواؤں،یتیموںاورغریب قوم کی محنت کی کمائی سے قرضے حاصل کر کے انہیں سیاسی بنیادوں پر معاف کرانے والوں کے بارے میں بات کررہا ہوں لیکن بدقسمتی سے کسی فورم پر اس کا نوٹس نہیں لیا گیا۔عالیشان محلات،گاڑیاں اورکارخانے ہونے کے باوجودسیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کے خلاف عوام کی عدالت نے انصاف کردیا اورانہیں ضمنی انتخاب میں عبرت ناک شکست ہوئی ۔یہ لوگ غرور اورتکبر میں کہتے تھے کہ ہم الیکشن جیتے ہوئے ہیں صرف فیصلہ اس بات کا ہونا ہے کے لیڈ 50ہزار کی ملتی ہے یا60ہزار کی۔اللہ تعالیٰ کو ان کا تکبر پسند نہ آیابلکہ فرشتہ صفت اقبال شاہ کی سجدہ ریزی پسند آگئی۔تکبر کرنیوالوں کا غرور خاک میں مل گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹوں کے آئی جی عمران نیازی نے لودھراں میں جلسہ سے تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں چوروں اورڈاکوؤں کی شکست ہوگی۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ چوروں اورڈاکوؤں کو شکست ہوگئی۔ لودھراں کے عوام نے اس عظیم لیڈر کے حق میں فیصلہ دیا جس نے امریکہ کی 5 ارب ڈالر کی پیش کش کو مسترد کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ۔انہوںنے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ(ن)2013ء میں اقتدار میں آئی تو ملک میں ہر طرف لوڈشیڈنگ کے اندھیرے چھائے ہوئے تھے ۔دہشت گردی نے ملک کو گھیر رکھا تھا۔محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک کوتوانائی بحران اوردہشت گردی جیسے مسائل سے نجات دلائی۔آج ملک میں امن ہے اورلوڈ شیڈنگ تقریباً ختم ہوگئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ زرداری صاحب آپ نے اپنے دور حکومت میں بجلی کے منصوبے تو نہ لگائے لیکن پاکستان کی دولت کو ضرور لوٹا۔دوسری طرف خان صاحب کہتے ہے کہ ہم نے کے پی کے میں 74میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے ۔خان صاحب عوام جاننا چاہتے ہیں کہ یہ بجلی چاند پر ہے یامریخ پر ،کیونکہ زمین پر تو یہ بجلی موجود نہیں۔آپ جھوٹوں کے آئی جی ہیں ،آپ نے خیبر پی کے میں ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے گزشتہ ساڑھے چار سال میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ۔ٹیوب ویلوں پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں اورچھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں ۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت غریب گھرانوں کے لاکھوں ہونہار بچے اوربچیوں کو حصول تعلیم کیلئے وظائف دیئے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ لودھراں شہر کے اندر بے شمار ترقیاتی کام ہورہے ہیں اوراربوں روپے سے دیہاتوں میں بہترین سڑکیں بنائی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ1985میں جب نواز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے تو انہوںنے کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکیں تعمیرکروائیں اوردیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کا ویژن انہی کا تھا۔ یہاں لوگ ہیلی کاپٹر میں آتے تھے اورلودھراں کے عوام کے ضمیر کو خریدنے کی کوشش کرتے تھے میںیہاں کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوںنے ان کی رشوت کو ٹھکرایا اورایک محنتی شخص کو کامیاب کراکے اللہ تعالیٰ کو راضی کیا ۔لودھراں کے عوام نے جھوٹے خان صاحب سے ان کی خزانے کی مشین چھین لی۔ اب خزانہ علاقے کے عوام کی ترقی اورخوشحالی پر صرف ہوگا۔وزیراعلیٰ نے لودھراں میں پٹھان والا پر انڈرپاس،دنیا پوربائی پاس اورشہاب ابوطاہر پر اوور ہیڈ بریج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیں خرید لیا۔ خادم تو میں پہلے ہی آپ کا تھا اب مکمل خادم بن گیا ہوں ۔آپ جو حکم کریںگے ہم حاضر ہیں ۔میں نے وزیرمملکت عبدالرحمان کانجو سے کہا ہے کہ آپ اپنے ساتھیوں کو لیکر لاہور آئیں آپ کا جو بھی حکم ہوگا پورا کریںگے چاہے مجھے اس کیلئے اپنا کوٹ ہی کیو ں نہ بیچنا پڑے۔
شہبازشریف

مزیدخبریں