وزیراعظم باز رہیں‘ سٹیل ملز‘ پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے: بلاول

Feb 18, 2018

کراچی، واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پی آئی اے اور پاکستان سٹیل کی نجکاری کے خلاف مزاحمت کی وارننگ دیدی۔ انہوں نے وارننگ دی کہ وزیراعظم اداروں کی نجکاری کی کوششوں سے باز آجائیں، نجکاری کی صورت میں وزیراعظم احتجاج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ نجکاری روکنے کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔ فیصلہ اس شخص کا ہے جو پی آئی اے کا سابق چیئرمین تھا۔ وزیراعظم نے اپنی منافع بخش نجی ایئر لائن کی بنیاد رکھی۔ وزیراعظم کے فیصلے پر عام شہری اور ماہرین دنگ رہ گئے۔ دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، پاک امریکہ تعلقات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے قومی اثاثوں کی نجکاری کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ہفتہ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین پیپلزپارٹی کے سنیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اور پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کا اختیار نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان مولا بخش چانڈیو نے نواز شریف اور شہباز شریف کی تقاریر پر ردعمل میں کہا کہ جھوٹ پر نااہل ہوئے نواز شریف نے پھر قوم سے جھوٹ بولا طالبان کے خلاف آپریشن کا مخالف نواز شریف آج اس کا کریڈٹ لے رہا ہے۔ نواز شریف کراچی کو امن آپ نے نہیں حکومت سندھ اور فورسز نے دیا نواز شریف آپ نے کراچی آپریشن کے فنڈز کا وعدہ تک وفا نہ کیا جن کی سوچ تخت رائیونڈ سے باہر نہیں جاتی وہ سی پیک کا کریڈٹ لے رہے ہیں میاں صاحب آپ نے سیاست کی طرح سی پیک کو بھی جی ٹی روڈ تک محدود کر دیا۔ پاکستان کا مستقبل بلاول بھٹو ہے جس کے پاس نظریہ اور جدوجہد کی میراث ہے۔ مسلم لیگ ن وفاقی جماعت نہیں رہی مفادات کیلئے سیاست کر رہی ہے۔ شہباز شریف کی موجودگی میں مریم نواز کی تقریر نہ کرا کر نواز شریف نے ٹوٹ پھوٹ کا اعتراف کر لیا مسلم لیگ ن میں جلد ’’م‘‘ اور ’’ش‘‘ کا اضافہ ہونا ہے ابھی نواز شریف نااہل ہوئے ہیں جلد جماعت کے حصے بکھرے دنیا دیکھے گی۔

مزیدخبریں