اسلام آباد (صباح نیوز) سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد نے کہاہے کہ کہ سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لیے قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ کے بھی براہ راست الیکشن کرائے جائیں ،جب عوام براہ راست سینیٹ کے لیے ووٹ دیں گے تو اس سے سینٹ مزید مضبوط ہوگی،سینیٹ صوبوں میں یکساں نمائندگی کی وجہ سے جمہوری اور پارلیمانی نظام میں توازن پیدا کرکے پارلیمانی نظام مضبوط کرتاہے ۔ان خیالات کااظہار سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نثار میمن کی کتاب ”ان سائٹ ان ٹو دی سینیٹ آف پاکستان “ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پا رلیمنٹرینز ، مختلف ممالک کے سفارت کاروں ، دانشوروں، علمی ادبی شخصیات اور ریسرچ سکالرز کے علاوہ سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وسیم سجاد نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور ارتقاءکےلئے سینیٹ کا ادارہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور’ ’ان سائٹ ان ٹو دی سینیٹ آف پاکستان “ کتاب پارلیمانی تاریخ میں ایک خوبصورت اضافہ ہے۔ سینیٹ آف پاکستان تمام صوبوں سے یکساں نمائندگی کی وجہ سے جمہوری اور پارلیمانی نظام میں توازن پیدا کرتا ہے تاکہ پارلیمانی نظام مضبوط ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آج کل سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ہر طرف ہارس ٹریڈنگ کا شور ہے سینیٹ میں ہار س ٹریڈنگ ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ کے بھی براہ راست الیکشن ہوں تاکہ کسی کوہارس ٹریڈنگ کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے اورجب عوام براہ راست سینیٹ کے لیے ووٹ دیں گے تو اس سے سینٹ مزید مضبوط ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ نثار میمن نے اپنی کتاب میں ان امور کی بخوبی نشاندہی کی ہے۔ پارلیمنٹ بالخصوص سینیٹ کی کارکردگی کے بارے میں بہت کم کتابیں لکھی گئی ہیں سینیٹ آف پاکستان کے بارے میں سب جانتے ہیں لیکن عوام الناس اس بات سے آگاہ نہیں کہ اس کی بطور خاص اندرونی سطح پر حیثیت کیا ہے اور یہ ادارہ کس طرح کام کرتا ہے ۔ نثار میمن نے اس خلا کو پورا کرتے ہوئے حقائق پر مبنی ایک ایسی مفید اور دلچسپ کتاب رقم کی ہے جس میں ایوان بالا کا کردار پورے اعداد و شمار کے ساتھ نمایاں ہوتا ہے جسے پڑھنے سے قاری کی دلچسپی آغاز سے اختتام تک برقرار رہتی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کس طرح پاکستان کے ایوان بالا میں یہ اہم موضوعات زیربحث لائے گئے ہیں اور ایوان نے کس انداز سے ان موضوعات کے بارے میں سیر حاصل بحث اور قانون سازی کے عمل میں حصہ لے کر اپنی بالادستی قائم رکھی ہے -وسیم سجاد نے کہا کہ کتاب میں پانی اور ماحولیاتی مسائل کی سنگینی کو بھی م¶ثر انداز میںبیان کیا گیا ہے ،تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر مملکت و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہاکہ پارلیمانی تاریخ کے اداروں میں سینیٹ کے کردار کو موثر انداز میں اجاگر کرکے سابق سینیٹر نثار اے میمن نے ایک اہم قومی ذمہ داری نبھائی ہے اور ان کی تحریر سے سینیٹ کی وہ خدمات منظر عام پر آئی ہیں جن کے بارے میں عام شہری لا علم ہوتے ہیں۔ نثار میمن اصولی ، سچے اور صاف ستھری سیاست کے قائل ہیں جنہوں نے سیاست میں اعلی روایات قائم رکھیںنثار میمن نے حقائق پر مبنی ایک مفید اور دلچسپ کتاب رقم کی ہے جس میں ایوان بالا کا کردار پورے اعداد و شمار کے ساتھ نمایاں کیا گیا ہے۔کتاب میں قومی سلامتی اور دہشت گردی کی وجہ سے درپیش مسائل ،پانی اور ماحولیاتی مسائل سمیت پارلیمانی تاریخ کے اہم واقعات کا ذکر ہے کتاب میں سینیٹ کااصل چہرہ سامنے لاکر قومی خدمت سر انجام دی گئی ہے۔ سابق سینیٹر اورکتاب کے مصنف نثار اے میمن نے اپنے خطاب میں ان مقتدرشخصیات اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوںنے کتاب کی تدوین میں ان کی معاونت کی ۔ انہوں نے اس کاوش کو سراہنے اور پسند کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینیٹ کے رکن اور اہم سینیٹ کمیٹیوںکے سربراہ کے طور پر جو تجربات حاصل کئے اور سینیٹ کی کاروائی کو جس انداز سے دیکھا اور پرکھا اس کا احوال کتاب میں رقم کر دیا تاکہ آئینی تاریخ کے اہم باب کے طور پر نوجوان نسل کی رہنمائی کر سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پہلی اور آخری ترجیح یہ مملکت خداداد ہے اور ہمیں اس کی ترقی خوشحالی اور جمہوری استحکام کے لئے صدق دل سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہییں تاکہ قوموںکی برادری میں پاکستان کو با وقار اور خود مختار ملک کے طور پر یاد رکھا جائے۔ انہوںنے کہاکہ صرف قومی دفاع ہی نہیں پانی ، ماحولیاتی چلینجز، اقتصادی حالات سب قومی دفاع کے زمرے میں آتے ہیں اور پانی کے مسئلے پر مستقبل میں جنگیں بھی ہو سکتی ہیں ان خطرات پر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں ان تمام نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ نثار میمن نے کہاکہ دنیا میں امن صرف قائم ہو سکتا ہے جب مسلم امہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف ایک خدا، ایک رسولﷺ اور ایک عقیدے پر قائم ہوکر خود کو ہمیشہ خود احتسابی کے لئے پیش کرے۔ انہوں نے کتاب کا حوالے دیتے ہوئے کہاکہ کتاب کی صورت میں ، میں نے خود کو عوام کے سامنے احتساب کے لئے پیش کیا ہے ۔سابق سیکریٹری سینیٹ افتخار بابر نے کتاب کو پارلیمنٹ کی ادبی تاریخ میں ایک مفید اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر اس شہری کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے جسے ملکی سیاست اور پاکستان میں جمہوریت کے ارتقاءمیں دلچسپی ہو- مصنف نے سینیٹر کے طور پر دفاع ، دفاعی پیداوار اور پانی کے مسائل کے بارے میں سینٹ کی تین کمیٹیوں کے رکن کے طور پر کتاب میں متذکرہ تینوں کمیٹیوں کی کارکردگی کو مفصل انداز میں بیان کیا ہے - انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ دیگر پارلیمنٹرینز بھی نثار میمن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی یاداشتیں قلمبند کریں تاکہ آنے والی نسلیں ان سے رہنمائی اور استفادہ کر سکیں-تقریب سے چیئرمین رورل سپوٹ پروگرام نیٹ ورک شعیب سلطان خان ،یوتھ اسمبلی کے حنان علی عباسی ،سابق سیکرٹری سینیٹ افتخاربابر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔