لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن لڑ نے کی اجازت دیدی۔ وزیر اعظم کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کیخلاف اپیلیں مسترد کردی گئی ہیں۔ جسٹس امین الدین کی سربراہی میں ٹربیونل نے اسحاق ڈار کی درخواست کی سماعت کی۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انکے موکل کی جانب سے الیکشن لڑنے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے تھے۔ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے جب کہ انہیں دفاع کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشن کے وکیل نے جوابی دلائل میں کہا کہ اسحاق ڈار کا دو نشستوں کیلئے ایک بنک اکائونٹ ظاہر کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔ تصدیق شدہ شناختی کارڈ کی کاپی فراہم نہ کرنے والے امیدوار کے کاغذات نامزد مسترد کردئیے جاتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسحاق ڈار کو سینیٹ انتخابات لڑنے کی اجازت دیدی۔