ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے سینٹ الیکشن براہ راست کرائے جائیں: وسیم سجاد

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد نے کہاہے کہ کہ سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ کے بھی براہ راست الیکشن کرائے جائیں، جب عوام براہ راست سینیٹ کیلئے ووٹ دیں گے تو اس سے سینٹ مزید مضبوط ہوگی،سینیٹ صوبوں میں یکساں نمائندگی کی وجہ سے جمہوری اور پارلیمانی نظام میں توازن پیدا کرکے پارلیمانی نظام مضبوط کرتاہے۔ ان خیالات کااظہار سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نثار اے میمن کی کتاب ’’ان سائٹ ان ٹو دی سینیٹ آف پاکستان ‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پا رلیمنٹرینز، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، دانشوروں، علمی ادبی شخصیات اور ریسرچ سکالرز کے علاوہ سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وسیم سجاد نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور ارتقاء کیلئے سینیٹ کا ادارہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور’ ’ان سائٹ ان ٹو دی سینیٹ آف پاکستان ‘‘ کتاب پارلیمانی تاریخ میں ایک خوبصورت اضافہ ہے۔ سینیٹ آف پاکستان تمام صوبوں سے یکساں نمائندگی کی وجہ سے جمہوری اور پارلیمانی نظام میں توازن پیدا کرتا ہے تاکہ پارلیمانی نظام مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج کل سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ہر طرف ہارس ٹریڈنگ کا شور ہے سینیٹ میں ہار س ٹریڈنگ ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ کے بھی براہ راست الیکشن ہوں تاکہ کسی کوہارس ٹریڈنگ کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے اورجب عوام براہ راست سینیٹ کے لیے ووٹ دیں گے تو اس سے سینٹ مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ نثار میمن نے اپنی کتاب میں ان امور کی بخوبی نشاندہی کی ہے۔ پارلیمنٹ بالخصوص سینیٹ کی کارکردگی کے بارے میں بہت کم کتابیں لکھی گئی ہیں۔ ایوان بالا کے بارے میں سب جانتے ہیں لیکن عوام الناس اس بات سے آگاہ نہیں کہ اس کی بطور خاص اندرونی سطح پر حیثیت کیا ہے اور یہ ادارہ کس طرح کام کرتا ہے۔ نثار میمن نے اس خلا کو پورا کرتے ہوئے حقائق پر مبنی ایک ایسی مفید اور دلچسپ کتاب رقم کی ہے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر مملکت و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہاکہ پارلیمانی تاریخ کے اداروں میں سینیٹ کے کردار کو موثر انداز میں اجاگر کرکے سابق سینیٹر نثار اے میمن نے ایک اہم قومی ذمہ داری نبھائی ہے۔ نثار میمن نے حقائق پر مبنی ایک مفید اور دلچسپ کتاب رقم کی ہے جس میں ایوان بالا کا کردار پورے اعداد و شمار کے ساتھ نمایاں کیا گیا ہے۔کتاب میں قومی سلامتی اور دہشت گردی کی وجہ سے درپیش مسائل، پانی اور ماحولیاتی مسائل سمیت پارلیمانی تاریخ کے اہم واقعات کا ذکر ہے کتاب میں سینیٹ کااصل چہرہ سامنے لاکر قومی خدمت سر انجام دی گئی ہے۔ سابق سینیٹر اورکتاب کے مصنف نثار اے میمن نے اپنے خطاب میں ان مقتدرشخصیات اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوںنے کتاب کی تدوین میں ان کی معاونت کی۔ انہوں نے اس کاوش کو سراہنے اور پسند کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینیٹ کے رکن اور اہم سینیٹ کمیٹیوںکے سربراہ کے طور پر جو تجربات حاصل کئے اور سینیٹ کی کاروائی کو جس انداز سے دیکھا اور پرکھا اس کا احوال کتاب میں رقم کر دیا تاکہ آئینی تاریخ کے اہم باب کے طور پر نوجوان نسل کی رہنمائی کرسکے۔ مصنف نے سینیٹر کے طور پر دفاع، دفاعی پیداوار اور پانی کے مسائل کے بارے میں سینٹ کی تین کمیٹیوں کے رکن کے طور پر کتاب میں متذکرہ تینوں کمیٹیوں کی کارکردگی کو مفصل انداز میں بیان کیا ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ دیگر پارلیمنٹرینز بھی نثار میمن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی یاداشتیں قلمبند کریں تاکہ آنے والی نسلیں ان سے رہنمائی اور استفادہ کرسکیں۔ تقریب سے چیئرمین رورل سپوٹ پروگرام نیٹ ورک شعیب سلطان خان، یوتھ اسمبلی کے حنان علی عباسی، سابق سیکرٹری سینیٹ افتخاربابر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن