اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن چائو لیجیان نے کہا ہے چین کو سی پیک میں سعودی عرب سمیت کسی بھی تیسرے ملک کی شمولیت پر اعتراض نہیں، یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ بیرونی سرمایہ کاروں کو کیسے گوادر میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے سی پیک اب نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے،پہلے پانچ سال جلد مکمل ہونے والے منصوبے تھے، اب نئے مرحلے میں اسے توسیع دی جا رہی ہے جس میں ترجیح خصوصی اقتصادی زونز کا قیام ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے ذریعے پاکستان کی صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، ان کے ذریعے پاکستان چین کے علاوہ دیگر ممالک کو سرمایہ کاری کے لیے راغب کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے فریق کی شمولیت کے بارے میں سی پیک اوپن پروگرام ہے، امید ہے سی پیک میں مزید ممالک شامل ہوں گے،تیسرے ممالک کی پہلے بھی شمولیت موجود ہے، مثال کے طور پر کروٹ ہائیڈرو پاور سٹیشن میں 15 فیصد فنانسنگ آئی ایف سی اور عالمی بینک کی ہے۔/ پورٹ قاسم پاور پلانٹ بھی چین اور قطر کا جوائنٹ وینچر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میں ترقی کے بہت مواقع موجود ہیں۔/ یہ پاکستان پہ منحصر ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کیسے ترغیب دیتا ہے۔