لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کبڈی ورلڈکپ 2020 جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی ایونٹ کے شاندار انعقاد پر پاکستان کبڈی فیڈریشن اور صوبائی محکمہ کھیل بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ روایتی حریف بھارت کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر پاکستانی کھلاڑیوں نے قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں۔ کبڈی کے عالمی ٹورنامنٹ کا پرامن انعقاد پرامن پاکستان کی ایک اور فتح ہے۔ کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے کامیاب انعقاد سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اور پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوا ہے۔ محفوظ ماحول میں میچوں کے انعقاد سے دنیا کو امن کا پیغام گیا ہے اور پورے ٹورنامنٹ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف رہا۔ ایونٹ میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی نے ثابت کیا کہ پاکستانی پرامن اور کھیلوں سے محبت کرتے ہیں۔ کبڈی ہو یا کوئی اور کھیل، ان سے فاصلے سمٹتے ہیں اور دوریاں دور ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل محبت کے فروغ اور امن کے پرچار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور خواہش ہے کہ کبڈی کی طرح پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی ہوں۔ پنجاب میں اس طرح کے کھیلوں کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا انعقاد مستقبل میں بھی کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کراچی کے علاقے کیماڑی میں گیس پھیلنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی کابینہ کا اجلاس آج 18 فروری کو طلب کر لیا۔ یہ پنجاب کابینہ کا 25 واں اجلاس ہوگا جس میں 22 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار نے گجرات کے علاقے ڈنگہ میں نوجوانوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او گجرات سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدارنے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں پرعزم قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی عظیم قرنیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔