لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء جیتنے پر قومی کبڈی ٹیم کو مبارکباد دی ہے، پیر کے روز قومی کبڈی ٹیم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ قومی کبڈی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ بالخصوص فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست رہی، فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دینے سے کامیابی کا مزا دوبالا ہوگیا ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا کہ پاکستان پہلی بار کبڈی کا عالمی چیمپئن بنا ہے جس پر پوری قوم کو اپنے ہیروز پر فخر ہے، پنجاب حکومت نے پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں منعقد کرانے کے لئے بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے، پاکستان کرکٹ، ہاکی، سکواش اور سنوکر میں ورلڈ کپ جیت چکا ہے ، تاریخ میں پہلی بار پاکستان کبڈی کا عالمی چیمپئن بنا ہے، انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے ریڈز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور قیمتی پوائنٹس حاصل کئے جبکہ جاپھیوں کا بھی کامیابی میں اتنا ہی حصہ ہے جتنا ریڈرز کا ہے، میں پوری قوم کی جانب سے قومی کبڈی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔