کوئٹہ: کوئٹہ میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خودکش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایس ایچ او سول لائن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔
دوسری جانب خود کش دھماکے کے دوسرے روز سیاسی جماعتوں کی اپیل پر آج شہر میں شٹر ڈائون ہڑتال کی جا رہی ہے،جس کے باعث شہر کے اہم بازار، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند ہیں، جبکہ بم دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا گیا ہے اور شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کی اہم شاہراہ شارع اقبال پر پریس کلب کے قریب خودکش دھماکے میں دس افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔