ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی ہدایت پر ایک سال میں مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی شکایات اور ازالے کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ایک سال میں عوام الناس کی جانب سے 22ہزار 110شکایات موصول ہوئی ہیں۔مختلف ونگز کی جانب سے 21ہزار 181 موصول ہونے والی شکایات کا مکمل ازالہ جبکہ 929 پر کام جاری ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن سے 5ہزار265، وزیراعظم پورٹل سے 3ہزار183 شکایات موصول ہوئیں۔اسی طرح ویب سائٹ اور موبائل اپلیکشن پر 7ہزار771، سوشل میڈیا سے 974 جبکہ براہ راست پنجاب فوڈ اتھارٹی دفاتر میں 4 ہزار 917 شکایات رجسٹرڈ کی گئیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ شکایات درج کروانے کا طریقہ کار تمام ضلعی دفاتر میں نمایاں جگہ پر آویزاں کروایا گیا ہے۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر بھی براہِ راست شکایات سنی جاتی ہیں۔علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر فوری رسپانس کرنے پر فیس بک کی جانب سے موسٹ ایکٹو کا ٹیگ بھی مل چکا ہے۔ شکایات پر لیے گئے ایکشن کی مکمل اپ ڈیٹ شکایت گزار کو بذریعہ ایس ایم ایسSMS بھی دی جاتی ہے۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شکایات کا فوری حل کرنے کے ساتھ ساتھ شکایات درج کروانے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہے۔