الآصف سہراب گوٹھ میں 28فروری کا جلسہ تاریخی ہوگا‘ مصطفی کمال

Feb 18, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی 28 فروری کو سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر پر صرف پختونوں کا جلسہ کرکہ ثابت کرئے گی کہ آئندہ اس شہر میں زبان کی بنیاد پر سیاست نہیں ہوگی، کوئی بھائی کو بھائی سے لڑوانے میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ پاک سرزمین پارٹی تمام قومیتوں کو جوڑنے کا نظریہ رکھتی ہے۔وقت نے ثابت کردیا کہ ہر جیتنے والا کامیاب اور ہارنے والا ناکام نہیں ہوتا۔ آج پاک سرزمین پارٹی جیتنے والوں سے زیادہ مضبوط اور مقبول جماعت ہے، لوگ آج پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں، پیپلزپارٹی کی تعصب زدہ سیاست کی وجہ سے لسانی سیاست کرنا آسان مگر مہلک ہے، ہم لسانی سیاست نہیں کریں گے۔ کل تک کنٹینر پہ کھڑے ہوکر جو عمران خان یہ کہتے تھے کہ ایم پی اے ایم این اے کا کام قانون سازی ہے اور ترقیاتی فنڈ سیاسی رشوت ہے آج وہی عمران خان وزیراعظم بن کر ایم پی اے ایم این اے کو گلی کی نالیاں بنانے کے پیسے دے رہے ہیں اور ترقیاتی فنڈ کو جائز قرار دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کے پاس طاقت نہیں ہے کہ وہ مردم شماری ٹھیک کرا سکیں، وزیراعظم بس غلط گنتی پر دستخط نہ کریں اس کو متنازعہ رہنے دیں، ہم مردم شماری پر ایک انتہائی پرامن ریلی نکال چکے، لیکن حکمرانوں کے کانوں پہ جوں بھی نا رینگی، اگر ریاست ہماری صحیح گنتی کرنے کو تیار نہیں ہے تو پھر ہمیں الزام نا دے، لحاظہ اب ہم فلم کا ٹریلر دکھائیں گے، آئندہ جمعہ کو لیاقت آباد میں غلط مردم شماری کے خلاف لیاقت آباد میں روڈ بلاک کرکہ مظاہرہ کریں گے۔ اگر اس معاملے کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو گورنر ہائوس کا گھیرا کریں گے۔ درست مردم شماری ہماری نسلوں کا مسئلہ ہے، اسکو درست کروانے کے لیے پی ایس پی ہر حد سے گزر جائے گی۔ 

مزیدخبریں