لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر ایسا وقت آگیا ہے کہ حکمران غیر ملکی اداروں سے قرض ملنے پر خوشی کے شادیانے بجاتے ہیں۔ آئی ایم ایف کی طرف سے پچاس کروڑ ڈالر کی نئی قسط کی منظوری مہنگائی کا ایک اور طوفان لائے گی۔ وزیراعظم بتائیں کہ اپنے وعدوں کو یاد کر کے کیسا محسوس کرتے ہیں؟ قرض نہیں لوں گا، خود کشی کر لوں گا کہنے والے قوم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ وزیراعظم کا زراعت میں بہتری لانے کا لیکچر بھی قوم نے سن لیا۔ ملک کے کروڑوں کسان پریشان ہیں۔ ملک کا کسان، دہقان اور نوجوان مایوسی کا شکار ہے۔ غریب عوام کا خون نچوڑ کر قرضوں کی قسطیں ادا کرنے والوں کو جلد حساب دینا ہوگا۔ ریفارمز کے بغیر شفاف الیکشن کا تصور مذاق ہے۔ قوم کی گردنوں پر دہائیوں سے مسلط ظالم اشرافیہ بری طرح ایکسپوز ہوگیا۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی صبح جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران سے گفتگو اور لاہور میں ایک عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں معروف کرکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق سے بھی امیر جماعت کی ملاقات ہوئی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابقہ حکمران بھی معیشت کی تباہی کے برابر کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سودی معیشت سے نجات قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔