راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے ہماری ٹیکنالوجی کو عدالتوں کی وجہ سے دھچکا لگا ہے۔ نجی یونیورسٹی کی انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ججز سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں ڈیجیٹل میڈیا کے کیس نہ سنا کریں یا کچھ وقت کسی یونیورسٹی میں لگا لیں۔ ہماری ٹیکنالوجی کو عدالتوں کی وجہ سے دھچکا لگا۔ 2014ء کے عدالتی فیصلوں کے باعث ڈیجیٹل کمپنیوں سے ہمارا تعلق خراب ہوا۔ جبکہ پی ٹی آئی نے ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی۔ ہمیں ضرورت نہیں کہ ہم سب کے بچوں کے ماں باپ بن جائیں۔ عبایا لینے والے عبایا لیں اور جینز پہننے والے جینز پہنیں ہمیں پابندی نہیں لگانا چاہئے۔ ریاست ہر چیز ریگولیٹ نہیں کر سکتی،کیا کرنا ہے اسکا فیصلہ انفرادی طور پر بھی کرنے دیں۔ انہوں نے کہا خوشی ہے یونیورسٹی میں میڈیا سٹڈیزکی طالبات موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بیس سال قبل میڈیا انڈسٹری تبدیل ہوئی، اگلی ایک دہائی میں بالکل تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب میڈیا انڈسٹری ڈیجیٹل کی جانب بڑھ رہی ہے، اس لئے تعلیمی ادارے اس حوالے سے بھی مضامین شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال میں ہمارا میڈیا یونیورسٹی چینلز، ٹوئٹر، فیس بک کی جانب تیزی سے بڑھا ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کو سب سے بڑا دھچکا ججز کی وجہ سے لگا۔
کوئی عبایالے یا جینز پہنے پابندی نہیں ہونی چاہیے، ججز ڈیجیٹل میڈیا کیس نہ سنیں: فواد چودھری
Feb 18, 2021