سوہاوہ ( نامہ نگار)مسلح افواج کے سابق صوبیدار (ر) محمد معروف نے ایک بیان میں کہا ہے تحصیل صدر مقام کے پوسٹ آفس سوہاوہ میں ہرروز معمر پنشنر صاحبان کو آدھا دن ذلیل و خوار کر کے پنشن کی ادائیگی شروع کی جاتی ہے ۔ ہر روز معمر پنشنر دور دراز سے سفر کی مشکلات برداشت کر کے پنشن کی وصولی کے لئے ڈاکخانہ سوہاوہ پہنچتے ہیں تو گھنٹوں قطار میں کھڑے ہونے کے علاوہ نصف دن تک بازاروں اور گلیوں میں معمر خواتین اور مرد پنشنروں کو گشت کر کے وقت گزارنا پڑتا ہے ۔ صوبیدار (ر) محمد معروف نے پاکستان پوسٹ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل صدر مقام کے ڈاکخانہ سوہاوہ کی انتظامیہ کا قبلہ درست کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں تا کہ دور دراز کے علاقوں سے سفری مشکلات برداشت کرکے آنے والے معمر پنشنروں کو ہر روز چار گھنٹے پنشن کی وصولی کے لیے انتظار نہ کرنا پڑے اور معمر پنشنروں کی عزت نفس کو بحال رکھتے ہوئے ڈاکخانہ کے ساتھ یا باہر انتظار کے لیے بیٹھنے کی سہولت دی جائے ۔