عوام نے منفی سیاست کا راستہ روک دیا، مسترد عناصر لوگوں کو گمراہ نہیںکرسکتے: عثمان بزدار

Feb 18, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں سعدیہ سہیل رانا، سمیرا احمد،رشیدہ خانم، مہندر پال سنگھ، محمد نعیم ابراہیم، محمد عامر عنایت شہانی، مہر اسلم بھروانہ، چوہدری فیصل فاروق چیمہ اور دیگر شامل تھے۔ خواتین اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران فلاح عامہ کے منصوبوں، خواتین کو مزید با اختیار بنانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور سینیٹ الیکشن کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اراکین اسمبلی کو ہمیشہ مشاورت میں شامل کیا ہے۔ ون مین شو کا قائل نہیں، ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں۔ خواتین اراکین صوبائی اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے۔ خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے اور کوئی بھی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کی منفی سیاست کا راستہ روک دیا ہے۔ پی ڈی ایم بند گلی میں پھنس چکی ہے۔ استعفوں کی ناکام سیاست کے بعد لانگ مارچ کی سیاست بھی ناکام رہے گی۔ مسترد شدہ عناصر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر علاقے کا دورہ کر رہا ہوں۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر) اعجاز حسین منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹینٹس (اے سی سی اے) کے امتحان میں گلوبل انعام جیتنے والی لاہور کی طالبہ زارا نعیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ زارا نعیم نے اپنی محنت، صلاحیت اور قابلیت سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ قوم کو زارا نعیم جیسی ہونہار اور باصلاحیت طالبات پر فخر ہے۔ طالبہ زارا نعیم کے والدین کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد میں 3 بہن بھائیوں پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آر پی او فیصل آباد کو ہدایت کی کہ تیزاب گردی میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے محکمہ تعلقات عامہ کی تنظیم نو کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی کارکردگی اور تنظیم نو کے پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کیلئے 2 ڈی ایس این جی خریدی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمے کیلئے 2 ڈی ایس این جی خریدنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ڈی جی پی آر میں جدید سٹوڈیو کے قیام کی بھی منظوری دی گئی جبکہ محکمہ تعلقات عامہ کے 4 ڈائریکٹوریٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرنٹ میڈیا، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا، ڈائریکٹوریٹ آف ڈیجیٹل میڈیا، ڈائریکٹوریٹ ایڈمنسٹریشن، ایڈورٹائزمنٹ، پریس لاز، انفارمیشن ٹیکنالوجی و لیگل کی تنظیم نو ہو گی اور تمام ڈائریکٹوریٹ کو جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔اجلاس میں افسروں اور عملے کو بنیادی تنخواہ کا 25 فیصد خصوصی الاؤنس دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خوشاب کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔  وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈسکہ کی معروف سیاسی، سماجی و مذہبی شخصیت صاحبزادہ عثمان خالد نے ملاقات کی۔ صاحبزادہ عثمان خالد نے این اے 75  کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں۔

مزیدخبریں