لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے مابین مفاہمتی یادداشت طے پائی جس کے تحت دونوں ادارے سرکاری اور نجی شعبوں میں باہمی تعاون‘مقامی سافٹ ویئر انڈسٹری کے فروغ اور آئی ٹی انڈسٹری میں جدید خدمات کی فراہمی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ ایم او یو پر چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور اور چیئرمین پاشا برکان سعید نے دستخط کیے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ساجد لطیف‘ جنرل مینیجر آئی ٹی برہان رسول‘سی ای او ڈی پی ایل سید احمد‘سی ای او انفوٹیک نصیر اختر سمیت سینئر افسران شریک ہوئے۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے کہا کہ پنجاب میں ڈیجیٹل ایکوسسٹم کو مضبوط کرنا اور مقامی آئی ٹی انڈسٹری کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔