اقوام متحدہ (اے پی پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی ادارے اور افغانستان پر اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم( سی ایس ٹی او)کے درمیان مزید تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہاکہ افغانستان میں انسانی بحران روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جس کے باعث افغانستان اور خطے کی سلامتی کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے دہشت گردی ایک مستقل خطرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرعزم اقدام کے بغیر، شدید اقتصادی تناو ، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور بڑھتا ہوا انسانی بحران مایوسی کو ہوا دے گا اور انتہا پسندی کو جنم دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی منشیات اور اسلحے کے بہا کے ساتھ ساتھ مجرمانہ اور دہشت گرد نیٹ ورکس کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا علاقائی مرکز برائے روک تھام ڈپلومیسی برائے وسطی ایشیاسی ایس ٹی او کے ساتھ قریبی شراکت داری میں کام کر رہا ہے تاکہ ممکنہ تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کیا جا سکے اور مشترکہ مسائل کے مشترکہ حل کو تیار کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی مرکز سرحد پار جرائم، دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کو بھی فروغ دے رہا ہے تاکہ پرامن پائیدار ترقی کے لیے حالات کو یقینی بنایا جا سکے ۔