لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے نے لیگی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار کے اقبالی بیان کو شہباز شریف کیخلاف بطور گواہی پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے سابق وزیراعلی پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بے نامی اکاؤنٹس کھولنے اور منی لانڈرنگ ثابت کرنے کے خلاف مضبوط کیس کی تیاری کرلی ہے۔ اور ایف آئی اے نے لیگی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار کے اقبالی بیان کو شہباز شریف کیخلاف بطور گواہی پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف آئی اے کے چالان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے شہباز شریف کیخلاف اقبالی بیان دیا، پانامہ جے آئی ٹی رپورٹ میں بھی اسحاق ڈار کے بیان کو بطور ثبوت پیش کیا گیا، اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ 1997 کے بعد کی حکومت کے دوران سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے بطور وزیراعلی بحرین کی صدیقہ سید محفوظ ہاشم خادم کے نام پر بے نامی اکاونٹ کھولا۔ ایف آئی اے چالان میں کہا گیا ہے کہ اس اکاؤنٹ میں 18 ملیں امریکی ڈالر کی رقم جمع کروائی گئی، شہباز شریف ریکارڈ یافتہ بے نامی اکاؤنٹس کھولنے اور منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں، جب کہ اسحاق ڈار کا اقبالی بیان آج تک کسی عدالتی فورم سے واپس نہیں لیا گیا ہے۔