فوجداری مقدمات سے متعلق اصلاحات، بل کا مسودہ سپیکر قومی اسمبلی کو پیش

Feb 18, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں فوجداری قوانین میں اصلاحات، زیر التوا قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو فوجداری قوانین میں اصلاحات کا ترمیمی بل کا نوٹس پیش کیا۔ وزیر قانون نے اسپیکر کو اگاہ کیا کہ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت اسمبلی میں بل پیش کرنے کے لیے مقرر وقت کے مطابق نوٹس پیش کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجوزہ بل 700سے زائد ترامیم پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے قوانین میں ایف آئی آر، تفتیش، چلان، الیکٹرانک شواہد سمیت خواتین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ترامیم شامل ہیں۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کو موثر قانون سازی اور اس کے نفاذ کے ذریعہ حل کیا جا سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں