اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان بحریہ کی اہم میری ٹائم مشقیں ’’سی اسپارک 2022‘‘ کراچی میں شروع ہو گئیں۔ مشقوں کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہر دو سال میں منعقد کی جانے والی ان مشقوں کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کا جائزہ اور ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے ضمن میں پاکستان بحریہ کے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کرنا ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(آپریشنز) نے اپنے افتتاحی کلمات میں مشق کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گرے ہائبرڈ وارفیئر کے چیلنجز اور موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول کے تناظر میں پاک بحریہ کو بھرپور رد عمل دینے کی صلاحیت کی ضرورت ہے۔ یہ مشقیں بحیرہ عرب میں پاکستان کی سمندری حدود میں منعقد کی جائے گی۔ مشق میں پاک بحریہ کے تمام پلیٹ فارمز، اسپیشل فورسز اور پاک میرینز کے دستے، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)، پاک فوج اور پاک فضائیہ کے دستے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ مشق میں وزارت دفاع، وزارت برائے میری ٹائم افیئرز، وزارت داخلہ اور نیشنل سکیورٹی ڈویژن کے نمائندگان بھی شرکت کررہے ہیں۔