غیر مستحکم معاشی ممالک کی دنیا با ت ضرور سنتی ہے لیکن توجہ نہیں دیتی : شاہ محمود قریشی 

دبئی(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ہماری معیشت استحکام کے راستے پر گامزن اور 5.37 فیصد گروتھ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے،ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں ووٹ کا حق دلا رہے ہیں۔جمعرات کو  دوبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد ایکسپو 2020 کا وزٹ اور یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کرنا تھا۔اس کے علاہ میری آمد کا مقصد متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا بھی تھا،پچھلے دنوں متحدہ عرب امارات کی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جو ملک معاشی طور پر مستحکم نہ ہوں تو دنیا ان کی بات کو سنتی ضرور ہے لیکن توجہ نہیں دیتی،ہم نے اسی وجہ سے جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ہماری خواہش ہے کہ ہم اپنی جغرافیائی پوزیشن کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو اقتصادی مرکز بنانے میں کامیاب ہو سکیں،حکومت پاکستان، پہلی دفعہ اتفاق رائے سے ایک سیکورٹی پالیسی کا مسودہ سامنے لائی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس  سیکورٹی پالیسی، کا محور معاشی استحکام ، آبی تحفظ اور فوڈ سیکورٹی  ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ہمارے سفارت کاروں کو اقتصادی سفارت کاری کی ذمہ داری سنبھالنا ہو گی۔اقتصادی سفارت کاری محض درآمدات، برآمدات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک جامع تصور ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود کو اپنی ترجیح سمجھا ہے،ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں ووٹ کا حق دلا رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پاکستانی، برطانیہ اور امریکہ کی پارلیمان میں جگہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کے مسائل کا بھی ادراک ہے،ہم آپ کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش عمل میں لائیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران ہندوستان کے سفارت خانوں کے شیشے توڑے گئے جبکہ ہم چار ہفتوں میں آپ کے تعاون سے بیرون ملک پھنسے ہوئے ڈیرھ لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس لانے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں جب ہم حکومت میں آئے تو ہمارے تمام اقتصادی اشاریے منفی رجحان ظاہر کر رہے تھے،ہمیں 20 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا تھا۔آج ہماری معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہے اور 5.37 فیصد گروتھ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، غریب ملک نہیں ہے اللہ تعالی نے ہمیں بے پناہ وسائل سے نوازا ہے،ہمیں درست سمت درکار ہے۔

ای پیپر دی نیشن