لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان پراونشل سروسز اکیڈمی پشاور کے وفد نے ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز پنجاب کا دورہ کیا۔ وفد میں ساتویں جونیئر کمانڈ کورس کے شرکا اور فیکلٹی ممبر شامل تھے۔ مہمانوں نے پنجاب رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس کے بعد مہمانوں کو رینجرز آڈیٹوریم میں پنجاب رینجرز کے پیشہ ورانہ فرائض کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ وفد نے جے سی پی واہگہ پر پرچم اتارنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور رینجرز جوانوں کی مہارت، چابکدستی اور جوش و جذبہ کو لائق تحسین قرار دیا۔ آخر میں وفد نے مہمان نوازی پر پاکستان رینجرز پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے دوروں سے نہ صرف معلومات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔