ماسکو‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ/ اے پی پی) روس نے ماسکو میں تعینات امریکہ کے نائب سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی سفارتخانے نے بیان میں کہا ہے کہ روسی وزارت خارجہ نے نائب امریکی سفیر بارٹل گورمان کو دفتر خارجہ بلایا تھا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے پھر کہا کہ روس کی جانب سے یوکرائن پر حملے کا خطرہ بہت زیادہ ہے‘ روس یوکرائن پر کچھ دنوں میں حملہ کر سکتا ہے۔ میرا روسی صدر پیوٹن سے بات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا روس نے اپنی فوج کو پیچھے نہیں ہٹایا بلکہ فوجیوں کو مزید آگے بڑھا رہا ہے۔ برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیٹو چیف سٹولٹن برگ نے کہا کہ روس کی مختصر نوٹس پر یوکرائن پر حملہ کرنے کی پوری تیاری ہے‘ حملے کیلئے روس کے پاس فوج اور دیگر صلاحیتیں مناسب تعداد میں موجود ہیں‘ روس کی تیاری صورتحال کو بہت خطرناک بنا رہی ہے۔ یوکرائنی سرحد سے روسی فوجیوں کا انخلاء جھوٹ ہے‘ روس فوجیں نیٹو کے دروازے پر لے آیا۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی ماسکو کے انخلاء کے دعوے کو مسترد کر دیا۔ روس کا کہنا ہے کہ کریمیا سے روسی فوجی دستوں کو پرانے اڈوں پر جانے میں وقت درکار ہے‘ کریمیا میں فوجی مشقوں کیلئے فورسز کی تعیناتی میں کئی ہفتے لگے تھے اور روسی فوجی دستوں کی روانگی ایک دن میں نہیں ہو سکتی۔ روس کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری میخائل یوپوف نے کہا ہے کہ روس کی سرحدوں کے قریب امریکی فضائی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
روس یوکرائن پر حملے کیلئے تیار : نیٹو چیف ، ماسکو کا امریکی نائب سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم
Feb 18, 2022