کوئی بھوکا نہ سوئے، کراچی میں تحریک انصاف کچن سروس شروع

Feb 18, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے جمعرات کو کراچی میں ایمپریس مارکیٹ صدر کے قریب ضرورت مند افراد میں کھانا تقسیم کر کے "احساس کوئی بھوکا نہ سوئے" کچن وین سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان، پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال عبدالغفار، ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سندھ عدنان مجید اور دیگر بھی موجود تھے۔ احساس کوئی بھی نہ سوئے پروگرام وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کی چھتری کے تحت ایک پالیسی اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کے مختلف شہروں اور قصبوں میں ضرورت مند اور مستحق افراد کو مفت خوراک کی فراہمی کے ذریعے بھوک مٹانا ہے۔حلیم عادل شیخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پروگرام اور پناہ گاہ پراجیکٹ جیسے فلاحی اقدامات وزیراعظم عمران خان کے وژن کی حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت ملک بھر کے ضرورت مند اور مستحق افراد کو 27 پناہ گاہوں پر کھانا اور رہائش مفت فراہم کیا جارہا ہے سندھ میں کچن وین کے ذریعے کھانے کی سہولت کی فراہمی کے لیے ایک ایم او یو پر دستخط کیے گئے جس کے تحت 3 گاڑیاں کراچی میں چلیں گی جبکہ 4 دیگر صوبے کے دیگر شہروں میں ضرورت مندوں کی خدمت کریں گی، انہوں نے مزید کہا کہ 50 لاکھ سے زائد ضرورت مند افراد پناہ گاہوں سے صرف سندھ میں مستفید ہونگے۔ ڈائریکٹر بیت المال سندھ عدنان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 5 پناہ گاہیں کام کر رہی ہیں جبکہ سندھ کے حیدرآباد، سکھر اور گمبٹ شہروں میں تین پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال مستحق مریضوں، طلبا، معذور افراد اور بیواں کو صحت، تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں مالی معاونت بھی فراہم کر رہا ہے۔

مزیدخبریں