لاہور(کامرس رپورٹر)سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب رائے منظور ناصر نے اورنج لائن میٹرو ٹرین ڈیرہ گجراں سٹیشن کا دورہ کیا۔ سیکرٹری پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نبیلہ جاوید، جنرل منیجر (آپریشنز) سید عزیر شاہ، چینی کنٹریکٹرزکے نمائندے اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفد کو اورنج لائن ٹرین کے آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے سٹیشن کنٹرول سینٹراور سٹاف رومزسمیت ڈیرہ گجراں سٹیشن کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ انتظامات کو سراہا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ رائے منظور ناصر نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پرشدید تحفظات کا اظہارکیا اورحکم دیا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جگہ نئی کمپنی کوصفائی کا ٹھیکہ د یا جائے۔ رائے منظورناصر نے کورونا ایس او پیز سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا اور مسافروں سے بات چیت بھی کی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اورنج لائن سٹیشنز کی تزئین و آرائش کی ہدایت کی اورنماز کی ادائیگی کے لئے تمام سٹیشنوں پرجگہ مختص کرنے کی بھی ہدایت کی۔بعدازاں سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے متعلقہ افسران کے ہمراہ اورنج ٹرین میں ڈیرہ گجراں سٹیشن سے انارکلی سٹیشن تک سفر کیا اس دوران انہوں نے لکشمی چوک سٹیشن کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے مسافروں کو دی جانے والی سفری سہولیات کا جائزہ لیا۔رائے منظورناصر نے اورنج لائن ٹرین کے انارکلی سٹیشن پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کا مکمل ہونے والاٹرانسپورٹ سیکٹر کا پہلا منصوبہ ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پاک چین دوستی کی علامت ہے۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کااورنج لائن میٹرو ٹرین ڈیرہ گجراں سٹیشن کا دورہ
Feb 18, 2022