لاہور( کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر اور کٹار بند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر سید محمود غزنوی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کو بلاجواز فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ نہ دینے اور حکومتی اخراجات میں کمی لانے میں ناکامی کے باعث حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بھاری اضافہ کرکے آسان راستے تلاش کررہی ہے ۔خواہ اس سے صنعت و تجارت اور معیشت کو جس قدر بھی نقصان ہوجائے۔ ایک بیان میں سید محمود غزنوی نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں بھاری اضافے سے آئل امپورٹ بل میں اضافہ ہوا ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم رکھنا حکومت کی ذمہ داری تھی، اس کی سزا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرکے صنعتکاروں، تاجروں اور عوام کو دینا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوتے ہی مہنگائی کا نیا سیلاب آگیا ہے۔