لاہور(کامرس رپورٹر )یوکے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کی خاطر 4.4 بلین ڈالر کا فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے برطانوی حکومت کی طرف سے اقوام متحدہ کی آئندہ ورچوئل سمٹ کی مشترکہ میزبانی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ گزشتہ روز ایک تھنک ٹینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کاشف اشفاق نے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمے میں مدد کے لیے آئندہ ماہ بین الاقوامی امدادی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ ورچوئل پلیجنگ کانفرنس کا مقصد افغانستان کے لیے 4.4 بلین ڈالر جمع کرنے میں اقوام متحدہ کو مدد فراہم کرنا ہے۔ اقوام متحدہ نے بارہا افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کے بارے میں خبردار کیا اور عالمی برادری سے اس مشکل وقت میں افغانستان کے عوام کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل دنیا بھر کے عطیہ دہندگان کا خیرمقدم کرتی ہے کہ وہ افغان عوام کی جانیں بچانے کی کاوشوں میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ نے 24.4 ملین سے زائد افغانوں کی مدد کے لیے 4.4 بلین ڈالر کی امداد جمع کرنے کی اپیل کی تھی کیونکہ افغان عوام کی زندگیاں بچانے کے لیے فوری اس امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید ظاہر کی کہ عطیہ دہندگان، اقوام متحدہ کے ادارے اور افغان سول سوسائٹی کے ارکان ورچوئل ایونٹ میں ایک جگہ جمع اور متفق ہوں گے۔