وزیراعظم کیساتھ ملاقات پاکستان کا ایک سال سے پولیو فری ہونا قابل تعریف بل گیٹس 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی، خبرنگار، نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل پرعزم ہے، عالمی برادری4 کروڑ افغان عوام کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے کردار ادا کرے جبکہ پاکستان افغان عوام کی بنیادی سہولتوں کی خاطر بھرپور مدد کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے خیبر پی کے کے جنوبی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پولیو کے خلاف چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے پولیو کے خاتمے میں تعاون اور شراکت داری پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔ بل گیٹس نے پولیو سے نمٹنے کے لیے پاکستانی قیادت اور ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کا عزم متاثر کن ہے اور پاکستان نے کرونا وبا کے باوجود پولیو ویکسین کا عمل جاری رکھا۔ کرونا پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے اقدامات حیرت انگیز رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پولیو مہم کے دوران جاں بحق ہونے والے 36ورکرز اور14 اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ علاوہ ازیں بل گیٹس کو پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تعاون اور انسداد پولیو مہم کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوان صدر میں ہلال پاکستان سے نوازنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا۔ مزید برآں ثانیہ نشتر نے بل گیٹس کو احساس پروگرام پر بریفنگ دی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی سے بل گیٹس نے ایوان صدر میں ملاقات بھی کی۔ صدر مملکت نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے پولیو کے خاتمے کے لیے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں پورے ایک سال سے پولیو وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک بانی نے پاکستان کے اپنے پہلے دورے پر قومی ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا بھی دورہ کیا ہے۔ انہیں اس موقع پر اب تک کی کامیابی اور درپیش چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بل گیٹس نے پولیو پروگرام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیو کے خاتمے کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان نے پولیو کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور آئندہ بھی بہترین حکمت عملی سے اس کامیابی کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابی کی منزل حاصل کرلیں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اس موقع پر بل گیٹس کی جانب سے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا گیا اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہونا قابل تعریف ہے۔ پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں اعلی اخلاقی اقدار کو فروغ دینا اور انہیں جدید علوم و ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے، ایسے مضامین کے لئے وظائف دیئے ہیں جن سے ملکی ترقی کا راستہ متعین ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملک بھر کے طلبا کے لیے سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو طلبا کو سکالرشپس کے اجرا کے حوالے سے بہت سی شکایات کا سامنا تھا۔ 18 ویں ترمیم کے بعد سکالرشپس کے اجرا کے الگ الگ پروگرام چل رہے تھے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے سکالرشپس کے اجرا کے نظام کو شفاف بنائیں تاکہ طلبا کو میرٹ پر سکالرشپ ملیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے مضامین میں سکالرشپ دیئے جائیں جن سے ملکی ترقی کا راستہ متعین ہو۔قبل ازیں وزیراعظم نے بٹن دبا کر ملک بھر کے طلبا کے لیے سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کا اجرا کیا۔ دوسری طرف  وزیراعظم عمران خان اور آسٹریا کے وفاقی چانسلر کارل نیہمر نے ٹیلیفون پر دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور خطہ میں امن و استحکام سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔  وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو انسانی بحران سے بچنے اور افغانستان میں معاشی بدحالی کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا کہا۔
عمران

ای پیپر دی نیشن