اسلام آباد: پاکستان اور جرمنی کے مابین تعلقات کو 70 سال مکمل ہونے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یادگاری سکہ جاری کردیا ہے۔ سکے کی مالیت 70 روپے مقرر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک اسلام آباد آفس نے پاک جرمنی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقعے پر یادگاری سکے کا اجراء کیا۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، پاکستان میں جرمنی کے سفیر بنارڈ شلاگھیک مہمانِ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے سکہ جاری کرنے کی تقریب میں میزبانی کے فرائض سرانجام دئیے۔ جرمنی کے سفیر بنارڈ شلاگھیک نے سکہ جاری کرنے کی تقریب منعقد کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اسٹیٹ بینک کو سراہا۔
جرمنی کے سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی ترقیاتی شعبے میں تعاون کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی قریبی تعلقات بھی اجاگر کیے گئے ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق پاک جرمنی سفارتی تعلقات 15 اکتوبر 1951 میں شروع ہوئے۔ یادگاری سکے کا قطر 30 ملی میٹر، کنارے دندانے دار جبکہ وزن 13 گرام ہے۔ سکے میں نکل 25 فیصد جبکہ تانبا 75 فیصد استعمال کیا گیا ہے۔