تعلیم کی بناء پر پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے: گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ تعلیم اور تحقیق کی بناء پر پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔چوہدری محمد سرور نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانووکیشن کی کامیاب تقریب پر یو ایم ٹی انتظامیہ کو بھی مبارکباد دیتے ہیں، جب بھی اس یونیورسٹی سے کانووکیشن کی دعوت آتی ہے تو فخر محسوس کرتا ہوں۔محمد سرور نے کہا کہ ڈاکٹر حسن شعیب مراد کے ویژن کو ان کا بیٹا بہتر انداز میں پورا کررہا ہے. یہ ایک عظیم انسان تھے جن کو اپنی طرح دوسروں کے بچوں کی فکر رہتی تھی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جب ہم نے چیلنج لینا قبول کیا تو بہت مخالفت کی گئی. میری کامیابی میں عمران کھنڈ چٹان کی طرح ساتھ کھڑے رہے.انسان کی کامیابی کا معیار عہدے اور دولت پر نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ نے آج تک کسی بادشاہ یا امیر کا نام کبھی زندہ نہیں رکھا بلکہ تاریخ میں انسانیت کی خدمت کرنے والوں کا نام یاد رکھا جاتا ہے، ہم پر فرض ہے کہ ضرورت مند افراد کی مدد کریں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلباء و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں، بچوں کی تعلیم اور ترقی میں والدین کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔انکا کہنا ہے کہ آپ سب سے گزارش ہے والدین کی خدمت کریں دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے گی، میری زندگی میں جب بھی مشکل آئی تو ماں کے پیار سے دنیا میں کبھی شکست نہیں ہوئی، میرے کاروبار اور سیاست میں تمام تر کامیابی کے پیچھے والدین کا کردار ہے۔گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ وقت بہت قیمتی ہے، وقت کبھی ضائع نہیں کرنا چاہیے، محنت کو اپنا شعور بنائیں تاکہ دنیا میں کامیابیاں حاصل کر سکیں، بہت سارے لوگ کامیاب ہو کر اپنے والدین کو بھول جاتے ہیں، کبھی اپنی جڑوں کو نہیں بھولنا چاہیے، ضرورت مند افراد کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یو ایم ٹی کا شمار پاکستان کی باوقار یونیورسٹیز میں ہوتا ہے، تعلیم اور تحقیق کی بنا پر پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن