لاہور (نیوز رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا تاریخی اقدام، ایم بی بی ایس کا نصاب ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد تبدیل کردیا۔ میڈیکل کالج میں پہلے دن سے طلبہ کو کلینیکل تربیت دی جائے گی۔ نیا نصاب یکم مارچ سے میڈیکل کالجوں میں نافذ العمل ہوگا۔ نئے ماڈیولز نصاب کی منظوری جمعہ کے روز یو ایچ ایس کی اکیڈمک کونسل اور بورڈ آف سٹڈیز میڈیسن کے مشترکہ اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کی۔ اجلاس میں الحاق شدہ میڈیکل کالجوں کے سربراہان اور سینئر فیکلٹی نے شرکت کی۔ رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ثاقب محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نیا نصاب 44 ماڈیولز پر مشتمل ہے۔ میڈیکل کے طلبہ کو پانچ سال میں 5500 گھنٹے پڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے نصاب کا مقصد عالمی معیار کے " سیون سٹار ڈاکٹرز" تیار کرنا ہے۔ اجلاس میں ایم فل اور دیگر ماسٹرز پروگرامز میں تھیسس کی جانچ غیر ملکی ممتحن سے کروانے کی شرط ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ پی ایچ ڈی تھیسس کی جانچ کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں غیر ملکی ممتحن کو ڈالرز میں معاوضہ دینے سے یونیورسٹی پر مالیاتی بوجھ بہت بڑھ چکا ہے۔ اجلاس میں یو ایچ ایس کی جانب سے آئندہ صرف میڈیکل کے شعبوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وی سی پروفیسر احسن راٹھور نے کہاکہ نان میڈیکل شعبوں میں پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرام بند کردیے ہیں۔