پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس لیں‘ سعد رضوی نے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا

Feb 18, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے رہا ہوں، اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس نہ لی گئیں تو تحریک لبیک وہ کرے گی جس کی وجہ سے ہماری پہچان ہے، اگر اتنے ہی مشکل حالات ہیں تو جو روزانہ لاکھوں لیٹر پٹرول سیاستدانوں اور سرکاری افسران کی گاڑیاں پی رہی ہیں‘ وہ ختم کریں۔ 75 سال میں 23ویں مرتبہ حکمران آئی ایم ایف کے سامنے جھولی پھیلائے کھڑے ہیں۔ صرف ایک سال میں ملکی قرضہ 23 فیصد بڑھ گیا۔ غریب کو اس حد تک نچوڑ دیا گیا کہ وہ احتجاج کا بھی سوچنے سے قاصر ہے کہ شام کو کھانا کہاں سے کھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ سعد رضوی نے مزید کہا کہ اب بس ہو چکی‘ ہم مذہبی معاملات کیساتھ ساتھ اب قوم کیلئے نکلنے پر بھی مجبور ہو گئے ہیں۔ موجودہ حکمران اب آئی ایم ایف کو ایٹمی پلانٹ اور ہتھیار وزٹ کروانے کا بھی سوچ رہے ہیں۔ ذمہ داران اور کارکنان 72 گھنٹے میں پورے ملک میں مسجد کے امام سے لے کر تاجر برادری، انجینئر، ڈاکٹر سمیت ہر طبقے کے پاس جائیں، اْن کو بتائیں کہ تحریک لبیک آپ کیلئے کھڑی ہے ۔

مزیدخبریں