اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ و سابق وزیر اعظم عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پردرج مقدمہ میں دہشتگردی دفعات ختم کرنے کیلئے پراسیکیوشن کو درخواست دے دی۔عمران خان نے اپنے وکلا سید محمد علی بخاری، قمر عنایت راجہ اور تنویر حسین کے ذریعے انسداددہشتگردی عدالت کے پراسیکیوٹر کو لکھی گئی درخواست میں کہاہے کہ مقدمہ میں سے دہشت گردی کی دفعات حذف کی جائیں،مقدمہ کے واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے دہشت گردی کی دفعات مضحکہ خیز ہیں،مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات سپریم کورٹ کے سات رکنی بنچ کے فیصلے کی توہین ہیں،دہشتگردی کے قانون کااستعمال سیاسی مخالفین کو دبانے اور سیاسی مفادات کیلئے ہو رہا ہے جو تباہ کن ہے،ان حربوں سے حکومت کی دہشتگردی کے معاملہ میں غیر سنجیدگی کا اظہار بھی ہوتا ہے،مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات حذف کی جائیں۔