کراچی قلندرز ہاکی ٹیم کیلئے ٹرائلز ‘عاطف رانا نے ایک دن کی توسیع کردی 

Feb 18, 2023

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کی ہدایات پر کراچی قلندر زہاکی ٹیم کے ایک روزہ اوپن ٹرائلز میں پہلے ہی روز ایک ہزار سے زیادہ نوجوان کھلاڑی ٹرائلز دینے کے ایچ اے سپورٹس کمپلیکس پہنچ گئے، صبح 9 بجے شروع ہونے والی رجسٹریشن ٹرائلز کے آخری لمحات تک جاری رہی، عاطف رانا نے فائنل ٹرائلز کیلئے ایک دن کی توسیع کردی، عاطف رانا نے کہاکہ کراچی والوں میں امید سے زیادہ جوش نے مجھے حیران کردیا ہے، ایک دن کی توسیع نہ کرنا کھلاڑیوں کیساتھ نا انصافی ہوگی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری نے جس جوش اور جذبے کا اظہار کیا تھا یہاں کھلاڑیوں کی تعداد دیکھ کر وہ درست ثابت ہوا، کراچی کے بعد لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی اوپن ٹرائلز کا انعقاد کرینگے، ہاکی میں بھی گمنام ہیروز کو سامنے لانے کا مشن شروع ہوگیا ہے، پروگرام کے تحت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا موقع فراہم کریں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے لاہور قلندر امید کی آخری کرن ہے، کراچی لاہور سیریز کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا تاہم اب ہر بڑے شہر میں قلندر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد ہوگا۔دعا ہے کہ لاہور قلندر اور عاطف رانا کی محنت رنگ لائے اور ہاکی کے میدان میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم سب سے بلند نظر آئے، صوبائی وزیر سعید غنی کا لاہور قلندر کو کراچی لانے میں اہم کردار ہے، سندھ حکومت گرانٹ نہ دے اور ہاکی کو سپورٹ نہ کرے تو شاید کوئی ہاکی کا نام بھی نہ لے، اگر آج ہاکی فیڈریشن کام کررہی ہے تو اس میں سب سے اہم کردار سندھ حکومت کا ہے ۔ ٹرائلز کی نگرانی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اولمپیئن کلیم اللہ  دیگر ارکان اولمپیئن ناصرعلی، اولمپیئن شکیل عباسی اور محمد نعیم خان کے ہمرہ خود کررہے ہیں۔لاہور قلندر کی ٹیم شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں کے ایچ اے سپورٹس کمپلیکس پہنچی تو کھلاڑیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، کھلاڑیوں نے لاہور قلندر کی ٹیم کی آمد کو اپنے لئے ایک یاد گار لمحہ قرار دیا، اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے عاطف رانا، حیدر حسین کے ہمرہ گراؤنڈ کا چکر لگایا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ہاکی بھی کھیلی، لاہور قلندر کے کپتان نے کہا معلوم نہیں تھا کہ ٹرائلز کے لئے اتنے کھلاڑی آجائیں گے، کراچی والوں نے ثابت کردیا ہاکی کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ اولمپیئن حنیف خان، کے ایچ اے کے سرپرست اعلی و نائب صدر پی ایچ ایف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری،  چیئرمین گلفراز خان، لاہور قلندر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ڈائریکٹر و ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید، منیجر ثمین رانا، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد سمیت کے ایچ اے کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں