لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان سنی تحریک کے رہنمائوں نے وفاقی حکومت سے منی بجٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی اور جنر ل سیکرٹر ی وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا ہے کہ حکومت منی بجٹ واپس لے، بصورت دیگر حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلائیں گے۔حکومت کی طرف سے جاری کردہ منی بجٹ کو پوری طاقت کے ساتھ مسترد کرتے ہیں اور جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ منی بجٹ میں غریبوں کیلئے موت کا سامان اور امیروں کیلئے عیاشی کا سامان پیدا کیا گیا ہے۔ غریب آدمی سے جینے کا حق حکومت کے اندر رہنے والوں نے چھین لیا ہے۔ عالمی اداروں ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور دیگر کی غلامی میں حکمران طبقہ عوام کو فروخت کر رہا ہے۔ پاکستان کے غریب عوام کو مزید آزمائش میں نہ ڈالا جائے۔مہنگائی کے خلاف جلد احتجاج کی کال دیں گے جس سے حکومت اپنا وجود کھو دے گی۔ حکومت معاشی دہشت گردی میں اضافہ کر رہی ہے جو کہ غریب آدمی کیلئے موت کا پیغام لا رہی ہے،پاکستان کو سنگین حالات پر چلنے کیلئے مجبور کر دیا ہے۔ دہشت گردی زدہ ملک میں مہنگائی کا مزید بڑھنا حکومتی دہشت گردی ہے،حکومت اور اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔