لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے گزشتہ روز کہاہے کہ شب معراج کو اسلام میں منفرد مقام حاصل ہے۔ معراجِ مصطفی نبی کریم ؐکے معجزات میں سے ایک امتیازی معجزہ ہے۔معراج کی رات کو اللہ تعالیٰ نے نبی کریمؐ کو عرش پر بلا کر اپنا دیدار کرایا۔ شب معراج جہاں عالم انسانیت کو ورطہ حیرت میں ڈالنے والا واقعہ ہے وہیں یہ امت مسلمہ کیلئے عظیم فضیلت کی رات قرار دی گئی ہے۔شبِ معراج پر آپؐ نے آسمانوں کی سیر کرکے اللہ کی نشانیوں کا مشاہدہ کیا۔سفر معراج کے دوران رسول کریمؐ کو جنت اور دوزخ دکھائی گئیں۔ آپ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی ہوئی۔ تحفہ معراج کے طورپر اللہ تعالیٰ نے حضورؐ کی امت کیلئے ایک دن میں 5 نمازیں عطا فرمائیں اور کرم نوازی کی انتہا یہ ہے کہ 5 نمازیں ادا کرنے والا 50 نمازوں کا اجر پائے گا۔ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہ معراج شریف میں کرنے کے کام یہ ہیں کہ توبہ و استغفار اور ذکر الٰہی میں اپنے اوقات صرف کئے جائیں۔ امت ایسے مبارک وقت میں اپنا وقت ضائع نہ کرے بلکہ قرب و عرفانِ الٰہی کے حصول کیلئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سربسجود ہو اورامت مسلمہ اورملک وقوم کیلئے دعائیں کی جائیں۔
معراجِ مصطفی نبی کریم ؐکے معجزات میں سے ایک امتیازی معجزہ ہے:راغب نعیمی
Feb 18, 2023