لاہور ( این این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے سپیکر کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی، عدالت نے سپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر سے 7 مارچ کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ریاض فتیانہ سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں سپیکر کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا اقدام چیلنج کیا گیا ہے ۔ درخواست گزاروںکے وکلاء نے موقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ممبران کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا اقدام معطل کررکھا ہے ،عدالت نے نوٹیفکیشن نہ لگانے پر اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا اقدام معطل نہیں کیا ۔درخواست کے ساتھ سپیکر کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا نوٹیفکیشن لف کردیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سپیکر کی جانب سے 42 ممبران کے استعفے منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔عدالت نے سپیکر کے نوٹیفکیشن کو فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سپیکر سمیت دیگر سے 7مارچ تک جواب طلب کرلیا۔