وفاقی اردو یونیورسٹی  باوقار اوراعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے:صدرمملکت 

Feb 18, 2023


اسلام آباد (نمائدہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی سینیٹ کی خالی آسامیوں کیلئے ارکان کی نامزدگی میں غیر معمولی تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اہم آسامیوں اور فورمز پر نامزدگی اور تقرری کا عمل متعلقہ فورم کی مدت ختم ہونے یا رکن کی ریٹائرمنٹ سے قبل شروع کرنے پر زور دیا ہے تاکہ اہم نوعیت کے تمام معاملات میں خلل یا تاخیر نہ ہوسکے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہائوس کراچی میں  وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، وفاقی اردو یونیورسٹی  کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایم ضیاء الدین، یونیورسٹی کے سینیٹ ممبران اور وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔  اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کا ایک باوقار اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے اور اسے درپیش مختلف مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ادارے کے انتظامی اور تعلیمی ونگز کی بلاتعطل کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔    چیئرمین ایچ ای سی نے اجلاس کو انکوائری کمیٹی کی رپورٹ اور یونیورسٹی میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے سینیٹ ممبران نے اتفاق کیا کہ سینیٹ اور اکیڈمک کونسل سمیت تمام اہم فورمز کو بروقت اور فوری فیصلے کرنے کے لیے مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔

مزیدخبریں