لاہور (سپورٹس رپورٹر)سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان کی زیرصدارت10سے 12مارچ تک ہونے والے ہارس اینڈ کیٹل شو کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوا۔
، اجلاس میں ہارس اینڈ کیٹل شو کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان ہارس اینڈ کیٹل شو کی کمیٹی کے کنوینئر بھی ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے ہارس اینڈ کیٹل شو میں ایونٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، پاکستان رینجرز، محکمہ پولیس پنجاب، محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب، الحمراء آرٹس کونسل،میٹرو پولیٹن کارپوریشن، محکمہ سکولز ایجوکیشن و محکمہ ہائر ایجوکیشن کے افسران، ڈائریکٹرایڈمن اعجاز منیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹرظہور احمد و دیگر شریک تھے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان نے کہا ہے کہ ہارس اینڈ کیٹل شوپنجاب کی ثقافت کا حصہ ہے جس کو یادگار بنانے کیلئے بھرپور تیاری کی جائے،ہارس اینڈ کیٹل شو میں روایتی کھیل بھی ہونگے،انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح سپورٹس بورڈ پنجاب شو میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریگا،اجلاس بلانے کا مقصد تمام محکموں کی کوآرڈینیشن کو بہتر بنانا ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اجلاس کو بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب مرکزی تقریب میں پیس شو اور جمناسٹک شو پیش کریگا، ہاکی سٹیڈیم سے فورٹریس سٹیڈیم تک مشعل بردار ریلی نکالی جائے گی، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی، فٹبال، والی بال، کبڈی، ریسلنگ اور رسہ کشی کے مقابلے ہونگے جس میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے بتایا کہ پنجاب آرٹس کونسل میں غزل نائٹ ہوگی، یونٹی پرفارمنس بھی ہوگی، بھنگڑا،بلوچی اور بلتی کلچرل پرفارمنس پیش کی جائینگی، ہارس اینڈ کیٹل شو میں پنجاب کی ثقافت اور کھیلوں کو اجاگر کیاجائیگا، ہارس اینڈ کیٹل شو میں پاکستان رینجرز کیمل بینڈ، ریڈ پریڈ، ٹینٹ پیگنگ اور مشعل پریڈ کے ایونٹس کرائے گا۔