لاہور(سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے پی ایس ایل کے اگلے میچز میں مزید تیز بائولنگ کرنے کا عزم کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لاف پرفارمنس کوچز کی رہنمائی کی وجہ سے ہے، وکٹ ڈیڈ تھی لیکن تیز بائولنگ کرنے والوں کیلئے اس میں مدد تھی،میں نے اپنی پرفارمنس کو اپنے والد اور والدہ کے نام کیا ہے، پی ایس ایل 8میں میرا جو ٹارگٹ تھا وہ پورا ہو گیا ہے۔ میری پسندیدہ وکٹ جیسن رائے کی تھی، وہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں،میرے رول ماڈل وقار یونس ہیں، انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں میرے ساتھ کام بھی کیا ہے۔ملتان سلطانز کے فاسٹ بائولر نے کہا کہ میں بچپن سے وقار یونس کو دیکھ رہا ہوں اور پھر ان سے سیکھا بھی ہے، میں یوٹیوب پر وقار یونس کی بائولنگ دیکھ دیکھ کر سیکھتا رہا ہوں۔ میرا تعلق سوات سے ہے اور میں نے ٹیپ بال سے کرکٹ کھیلنا شروع کی، ماموں کے کہنے پر مردان اکیڈمی میں چلا گیا۔ فاسٹ بائولرز کی تلاش کیلئے ہونے والے ٹرائلز میں 145 کی سپیڈ سے بائولنگ کی، انڈر 19 میں آیا اور پھر میں ایک سال غائب ہوگیا میرا کہیں نام نہ آیا۔ لاہور کی پاک لائن اکیڈمی نے مجھے اسپائکس کے ساتھ بائولنگ کرنے کا موقع دیا جس سے مجھے فائدہ ہوا، میرے کوچ عبد الرحمان اور میڈیکل اور ٹریننگ سٹاف نے بہت مدد کی۔ میری آج جو سپیڈ ہے وہ سب ان لوگوں کی وجہ سے ہی ہے، آنے والے میچز میں مزید تیز بائولنگ کروں گا۔