لاہور ( سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز میں شامل ویسٹ انڈیز کے کرکٹر شائے ہوپ نے کہا ہے کہ شاہین اور حارث جیسے پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے پر خوش ہوں۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ شکر ہے شاہین کی بولنگ پر اب وکٹوں کے سامنے نہیں بلکہ وکٹوں کے پیچھے ہوں۔شاہین اور حارث دونوں شاندار بولر ہیں، ان کے ساتھ کھیل کر مزہ آرہا ہے۔ویسٹ انڈیز کے کرکٹر نے کہا کہ دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی پلیئرز سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا، کوشش ہے کہ میں خود کو پہلے سے بہتر کرکٹر بنائوں۔شائے ہوپ نے کہا کہ لاہور قلندرز کا آغاز اچھا ہوا، پہلے میچ میں فاتح ٹیم کا حصہ بننے پر خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ جس سے بھی بات ہوئی اس نے پاکستان سپر لیگ کی تعریف کی، پاکستان نے اپنی لیگ کا معیار کافی بلند رکھا ہے۔شائے ہوپ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کرکٹرز ٹیم کی بہتری کے لیے ذمہ داری لیں۔انہوں نے کہا کہ بطور کپتان کوشش ہوگی کہ ساتھیوں سے اپنا تجربہ شیئر کروں، ویسٹ انڈیز ٹیم کو پہلے کی طرح ایک مضبوط ٹیم بنانا ہے۔