لاہور (سپیشل رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کی تاریخ سے متعلق جسٹس جواد حسن کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ انٹرا کورٹ اپیل میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سنگل بینچ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا ہے۔ قانون کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ کا کہنا آئین اور الیکشن ایکٹ کے خلاف ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست کے فیصلے تک سنگل بنچ کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔