صدر کا چیف الیکشن کمشز کو پھر خط، بے حسی پر ناراضی، پر سوں بلا لیا 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  چیف الیکشن کمشنر کو  خط  میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضگی کا اظہار  کیا ہے، اور  چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت  دی ہے۔ صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر  سکندر سلطان راجہ کو پرسوں 20 فروری 2023ء کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کے لیے دعوت  دی ہے۔ ایکٹ کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کی تاریخ  یا تاریخوں کا اعلان کمیشن سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ صدر مملکت  نے خط میں کہا کہ اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے حالیہ مشاہدات جیسی  کچھ اہم پیش رفت ہوئی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا، میں بے چینی سے انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔ اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے سے انتہائی مایوسی ہوئی۔ آئین کے تحفظ اور دفاع کی اپنی آئینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے دفتر میں الیکشن پر مشاورت کیلئے ہنگامی ملاقات کیلئے مدعو کرتا ہوں۔

ای پیپر دی نیشن