کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی (آفاق) کے زیراہتمام ایس ایل او بیسڈ اسیسمنٹ اورای مارکنگ کے حوالے سے سمپوزیم منعقد کیا گیا، سرسید گورنمنٹ گرلز کالج کراچی میں ہونے والے سمپوزیم کی صدار ت چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کی جبکہ ریسورس پرسن آفاق کے سی ای او شاہد وارثی تھے۔ سمپوزیم میں انٹربورڈ کراچی کی انسپکٹر آف کالجز زرینہ راشد سمیت کراچی کے مختلف تعلیمی اداروں سے اساتذہ اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ سمپوزیم میں ماہرین تعلیم نے ایس ایل او اسسمنٹ اور ای مارکنگ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایل او اسسمنٹ اور ای مارکنگ پرچوں کی جانچ کا بہترین طریقہ ہے جس کے تحت سائنٹفک طریقے سے پرچوں کی جانچ کی جائے گی تاکہ کسی طالب علم کی حق تلفی نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ ایس ایل او اسسمنٹ میں چونکہ کوانٹٹی سے زیادہ کوالٹی پر فوکس کیا جاتا ہے اس لیے امتحانات میں طلبہ کے جواب دینے کے انداز میں بھی بہتری آتی جائے گی ساتھ ہی کسی طالب علم کے ساتھ پرچوں کی مارکنگ میں بھی ناانصافی نہیں ہوسکے گی۔چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو ایس ایل او اسسمنٹ اور ای مارکنگ سے آگاہی دینے کیلئے اس سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ آئندہ اساتذہ کی تربیت کیلئے تربیتی سیشن کیے جائیں گے، اس کے علاوہ طلبا و طالبات کی رہنمائی کیلئے بھی اس قسم کے سمپوزیم اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی تاکہ طلبا کو ای مارکنگ سے بہتر طریقے سے روشناس کرایا جاسکے۔
ایس ایل او بیسڈ اسیسمنٹ‘ ای مارکنگ کے حوالے سے سمپوزیم
Feb 18, 2023