کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کی عظیم دینی،علمی اور روحانی درسگاہ دارالعلوم غوثیہ مین یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال کراچی میںمہتمم صاحبزادہ مفتی محمدزبیر صدیقی ہزاروی کے زیرنگرانی ختم بخاری ؒ شریف کی روح پروروایمان افروز تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر استاذ العلماء ،شیخ الحدیث حضرت مفتی قاضی محمداحمد نعیمی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ علم انسان کو عظمت کی بلندی پر پہنچاتاہے،علم ہی کی وجہ سے انسان کو اشرف المخلوقات قرار دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ مدارس دینیہ معاشرے کی اصلاح میں اہم کرداراداکرتے ہیں۔مدارس نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور اشاعت میں اہم کرداراداکیا ہے ۔مقررین نے کہاکہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ دینی تعلیمات سے وابستہ ہوکر کیاجاسکتاہے، آج کا نوجوان مغرب کے مادرپدر آزاد معاشرے سے متاثرہوکر اسلام کے احکامات سے روگردانی میں مبتلاہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ دینی تعلیم سے آراستہ ہونے والے گمراہی سے محفوظ رہتے ہیں جبکہ دین کی تعلیمات سے بے بہرہ لوگ گمراہی اور خود پرستی کی لت میں مبتلاہوکر معاشرے کے بگاڑ کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مدارس اسلامیہ کی اہمیت ہر دورمیںمسلم رہی ہے، فی زمانہ مدارس پر پہلے سے زیادہ بھاری ذمہ داریاں عائدہوچکی ہیں، نفسانفسی اور افراتفری کے دورمیں بھی مدارس اسلامیہ اپنے مشن پر قائم ہیںاور ملت اسلامیہ کے بچوں کو دینی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے اور زمانے کی امامت کے فرائض انجام دینے کے قابل بنانے کافریضہ انجام دے رہے ہیں۔ مفتی قاضی محمداحمد نعیمی نے بخاری شریف کی پہلی حدیث کا درس دیتے ہوئے کہاکہ دینی کتابوں میں جو مقبولیت اللہ تعالیٰ نے بخاری شریف کو عطافرمائی وہ کسی اور کتاب کو نہیں ملی۔امت کا اس بات پر اتفاق ہے کہ قرآن کریم کے بخاری شریف سے زیادہ کوئی صحیح کتاب روئے زمین پر موجودنہیں۔تقریب میں شکارپورسندھ سے تشریف لائے ہوئے ممتازعالم دین علامہ مفتی محمدشفیق قادری، علامہ مفتی احمداللہ قادری، علامہ حکیم شاہ صابری، علامہ لیاقت الرحمان محمدی، علامہ محمدعظیم چشتی، علامہ غلام مرتضیٰ صابر، علامہ محمداسرارقادری، علامہ قاری ظفر احمد نقشبندی، قاری مسعود الحق، علامہ محمدسہیل ضیائی، ملک سعید اختر، تاج محمدنورانی، ڈاکٹرمحمداشتیاق نورانی، ماسٹرعبدالرحیم، مولاناخورشید نورانی، قاری محمدزمان قادری، قاری محمدمنیر نورانی، انوارحسین قریشی ، مولانادرمحمدنورانی سمیت علماء کرام، پیران عظام ،مہتممین مدارس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔