ملتان( نمائندہ خصوصی ) ملتان کی تاجر تنظیموں کے مرکزی عہدیداران نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ کو مسترد کر دیا ہے اور اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات،گیس، بجلی ، گھی، چینی، ودیگر اشیائے ضرویات کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی نہ کی تو ملک بھر کے تاجر عوام کے ساتھ حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف سڑکوں پر ہونگے ان خیالات کا اظہار مرکزی تنظیموں کے عہدیداران نے نوائے وقت فورم میں کیا مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیرمین خواجہ سلیمان صدیقی ، جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر اور مرکزی وائس چیئرمین شیخ اکرم حکیم نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر آ چکی ہے انڈسٹری اور کاروبار بند ہونا شروع ہو گئے ہیں اس ابتر صورتحال پر جہاں مارکیٹیں سنسان ہوچکی ہے ایسے میں منی بجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات، گیس، بجلی ، گھی چینی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دینا عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے اگر حکومت نے بڑھائی گئی قیمتوں کو وآپس نہ لیا تو تاجر حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہونگے انجمن تاجران سورج میانی کے چیرمین کفایت حسین صدیقی، تاجر اتحاد جنوبی پنجاب کے صدر سلطان محمود ملک ، اور انجمن تاجران کینٹ کے صدر چوہدری محمود علی نے کہا کہ حکومت کو منی پیش کرنے سے پہلے عوام اور تاجروں کو اعتماد میں لینا بے حد ضروری تھا لیکن حکمران آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں اگر حکومت نے اس ہولناک صورتحال کا فوری تدارک نہ کیا اور عوام کے ریلیف کے پیشِ نظر پیش کردہ منی بجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے ضرویات کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو تاجروں کی طرف سے حکمرانوں کو شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر عارف فصیع اللہ ، انجمن تاجران کینٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل معظم وحید خواجہ اور کوآرڈینیٹر غضنفر ملک نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ کو حکمرانوں کا ظالمانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اداروں میں کرپشن بڑھ رہی ہے چوری ،رہزنی ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اس خوفناک صورتحال سے عوام میں عدم تحفظ اور بے چینی کی فضائ قائم ہے اور عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہو چلا ہے۔
تاجر
منی بجٹ مسترد، حکومتی ظالمانہ اقدام کے خلاف سڑکوں پر ہونگے، تاجر
Feb 18, 2023