ایرانی ڈرونز نے مشرق وسطیٰ میں تباہی پھیلائی: امریکی سینیٹ

Feb 18, 2023 | 12:43

امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب مینینڈیز نے کہا ہے کہ ایرانی ڈرون نے گزشتہ برسوں کے دوران مشرق وسطیٰ میں تباہی پھیلا دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈرونز اس وقت یوکرین میں روسی فوجی آپریشن میں عام شہریوں کو مار رہے ہیں۔ مینینڈیز نے ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر مزید کہا کہ کمیٹی ایرانی ڈرونز کا مقابلہ کرنے اور تہران کے ایجنٹوں اور دہشت گرد عناصر کو ان کی برآمدات کو روکنے کے لیے قانون سازی پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ یاد رہے متعدد ریپبلکن اور ڈیموکریٹک نمائندوں نے امریکی سینیٹ میں ایک بل پیش کیا تھا جس میں ایرانی ڈرونز کی مذمت کی گئی تھی اور انہیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ قانون سازوں نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے ان ڈرونز کا مقابلہ کرنے کے لیے نظام تیار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ یہ قدم ایران کے لیے امریکی ایلچی رابرٹ میلے کے بدھ کے روز اس بات کی تصدیق کے بعد سامنے آیا ہے کہ خطے میں ایرانی ڈرونز کے استعمال کے شواہد بڑھ رہے ہیں اور روس کی جانب سے یوکرین کی زمینوں پر جنگ میں بھی ایرانی ڈرونز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا نے اس بات پر زور دیا تھا کہ تہران اب بھی مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کا سب سے بڑا عنصر ہے۔

مزیدخبریں