ہریانہ(آئی ا ین پی ) بھارت میں کسانوں کا دہلی چلو مارچ چوتھے روز بھی جاری رہا جبکہ مودی سرکار اور ہریانہ پولیس کی جانب سے سکھ کسانوں پر بدترین تشدد کیا گیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی چلو مارچ کے مظاہرین پر ہریانہ پولیس کا چوتھے روز بھی شیلنگ اور پیلٹ گن سے وار جاری رہا ۔ مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال کے باعث 3کسان بینائی سے محروم ہوگئے۔ ہریانہ پولیس نے کسانوں کو دہلی کی طرف مارچ سے روکنے کے لیے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے اور ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں، رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس کے تشدد سے 100 سے زائد مظاہرین کو شدید زخمی حالت میں اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ہم نے تین کسان مظاہرین کی آنکھوں کا معائنہ کیا لیکن ان کی بینائی نہیں بچا سکے، کسانوں کی بینائی پیلٹ گنز کے استعمال سے گئی ہے۔ دوسری جانب کسانوں کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، کسانوں کا کہنا ہے کہ مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے باوجود کسان اپنے حق کے لیے ڈٹے رہیں گے۔